ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اتراکھنڈ میں لوک آیکت سے متعلق فائل راج بھون نے لوٹائی

اتراکھنڈ میں لوک آیکت سے متعلق فائل راج بھون نے لوٹائی

Wed, 31 Aug 2016 12:06:45    S.O. News Service

دہرادون، 30؍اگست(آئی این ایس انڈیا )اتراکھنڈ حکومت کو ایک بڑا جھٹکا دیتے ہوئے گورنر ڈاکٹر کرشن کانت پال نے سلیکشن کمیٹی اور سرچ کمیٹی کی سطح پر قوانین پر عمل نہ کئے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے لوک آیکت اور اس کے ممبران کی تقرری کے سلسلے میں گورنر ہاؤس کو منظوری کے لیے بھیجی گئی فائل لوٹا دی ہے۔راج بھون کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی اور بتایا کہ لوک آیکت کی تقرری سے متعلق فائل کا مطالعہ کرنے کے بعد راج بھون نے گزشتہ 26؍اگست کو ریاستی حکومت کو اسے واپس بھیج دیا۔فائل واپس کرتے ہوئے گورنر نے ریاستی حکومت کو سلیکشن کمیٹی اور سرچ کمیٹی سے متعلق کارروائی نئے سرے سے قوانین کے مطابق کرنے کی ہدایت بھی دی ہے ۔غور طلب ہے کہ 2011میں بھون چندر کھنڈوری حکومت کی طرف سے لائے گئے بدعنوانی کے خلاف سخت لوک آیکت بل کو ریاست اسمبلی کے ذریعہ متفقہ طور سے منظور ملنے کے بعد اسے صدر پرنب مکھرجی کی منظوری بھی مل گئی تھی، لیکن 2012میں وجے بہوگنا کی قیادت والی کانگریس حکومت نے اقتدار میں آتے ہی اس کی کچھ دفعات کو غلط بتاتے ہوئے اسے رد کر دیا اور اس کی جگہ ایک نیا لوک آیکت قانون بنایا،حالانکہ اس نئے قانون کے تحت بھی ریاست میں گزشتہ چار سالوں سے لوک آیکت کی تشکیل کا معاملہ مسلسل لٹکتا رہا اور اس عہدے پر کسی کی تقرری نہیں ہو پائی۔ریاستی حکومت نے گزشتہ ماہ سلیکشن کمیٹی اور سرچ کمیٹی کی طرف سے لوک آیکت اور اس کے ممبران کے عہدے پر طے شدہ ناموں کا پینل راج بھون کو بھیجا تھا۔حالانکہ طے شدہ ناموں پر اعتراض کرتے ہوئے اہم اپوزیشن بی جے پی نے گورنر کو ایک میمورنڈرم سونپ کر الزام لگایا تھا کہ سرچ کمیٹی میں شامل ایک رکن کا نام غازی آباد میں ہوئے پی ایف گھوٹالے میں سامنے آیا تھا جبکہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر شروع ہوئے پی ایف گھوٹالے کی جانچ کے دوران سی بی آئی نے ہائی کورٹ کے ان ریٹائرڈ جج جے سی ایس راوت سے بھی پوچھ گچھ کی تھی جن کے نام کی سفارش لوک آیکت بنانے کے لیے کی گئی ہے۔


Share: